اسرائیل حق مدافعت سے تجاوز کررہا ہے:چین

   

بیجنگ: چین کے وزیرخارجہ وانگ یی نے کہا کہ اسرائیل اپنے حق مدافعت سے تجاوز کررہا ہے اور اسے غزہ کے عوام کو اجتماعی سزاء دینے کا سلسلہ روک دینا چاہئے۔ چینی وزیرخارجہ نے اسرائیل۔ فلسطین تنازعہ کے دوران کل سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے فون پر بات چیت کی تھی۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہیکہ اسرائیل کی کارروائیاں اپنے حق مدافعت سے تجاوز کرگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سکریٹری جنرل اور بین الاقوامی گوشوں سے فوجی کارروائی کو روکنے کے جو مطالبات کئے جارہے ہیں ان پر اسرائیل کو توجہ کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیرخارجہ چین نے کہا کہ اسرائیل غزہ کے تمام فلسطینیوں کو اجتماعی سزا دے رہا ہے جسے روکا جانا چاہئے۔ سعودی وزیرخارجہ کے ساتھ بات چیت میں وزیرخارجہ چین کا کہنا تھا کہ کسی بھی فریق کو ٹکراؤ اور تصادم کو وسعت دینے سے گریز کرناچاہئے۔ چین کے ایک بیان پر امریکہ کے ہواری کچھ مغربی ممالک میں تنقید بھی کی ہے۔ چین نے اج یہ بھی اعلان کیا کہ مشرق وسطیٰ کیلئے اس کے خصوصی نمائندے زئی زون آئندہ ہفتہ مشرق وسطیٰ کا دورہ کررہی ہے تاکہ اسرائیل۔ حماس تصادم کو روکا جاسکے اور پرامن بات چیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ چین کا کہناہیکہ اسرائیل حماس ٹکراؤ اگر وسعت اختیار کرتا ہے تو یہ تشویش کی بات ہوگی۔