اسرائیل سے کاروبار کیخلاف احتجاج پر مائیکروسافٹ کے ملازمین گرفتار

   

واشنگٹن:21 اگست ( ایجنسیز) اسرائیل کی جانب سے کمپنی کی ٹیکنالوجی کے مبینہ استعمال پر احتجاج کرنے والے مائیکروسافٹ کے ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مائیکروسافٹ کے ملازمین نے کل امریکی دارالحکومت واشنگٹن کے ریڈمنڈ میں واقع ہیڈکوارٹر میں احتجاجی مظاہرہ کیا تھا جس میں کمپنی سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اسرائیل سے کاروبار بند کرے۔ رپورٹ کے مطابق کمپنی نے ملازمین کو پلازہ چھوڑنے کی وارننگ جاری کی تھی تاہم ملازمین نے اپنا احتجاج ختم کرنے سے انکار کیا اور احتجاج کے مقاصد کے حوالے سے ایک اعلامیہ بھی جاری کیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس نے آج احتجاجی مظاہرین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مائیکروسافٹ کے 18 ملازمیں کو گرفتار کیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اسرائیلی فوج کو مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کی فراہمی کے خلاف مائیکروسافٹ کے ملازمین کمپنی کے اعلیٰ حکام کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرواچکے ہیں۔

یوکرین نے ایران کیساتھ ویزا فری معاہدہ ختم کر دیا
کیف21 اگست (یواین آئی) یوکرین کی حکومت نے سفارتی یا سروس پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کیلئے ایران کے ساتھ ویزا فری سفری معاہدہ ختم کر دیا ہے ۔یہ معلومات یوکرین کی پارلیمان میں وزراء کی کونسل کے مستقل نمائندے تاراس میلنیچک نے دی۔مسٹر میلنیچک نے گذشتہ دن اپنے ٹیلی گرام چینل پر کہاکہ حکومت یوکرین اور اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کے درمیان سفارتی اور سروس پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کے لیے ویزا فری سفر کا معاہدہ ختم کر دیا گیا ہے ۔