اسرائیل شام پر بمباری بند کرے، ترکیہ و اردن کا مطالبہ

   

دمشق ؍ انقرہ ؍ عمان 13 (ایجنسیز) شام، ترکیہ اور اردن کے وزرائے خارجہ نے پیر کے روز قاہرہ میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے بعد اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسرائیل شام پر بمباری بند کرے اور اپنی فوج کو شام سے نکالے۔ ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیضان نے اردنی و شامی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اسرائیل کی توسیع پسندی شام کی سلامتی ، استحکام و مستقبل کے لیے خطرہ ہے۔ اس لیے بمباری کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ اس سلسلے میں ہم سب ایک پیچ پر ہیں۔ نیز خطہ میں دہشت گردوں کو آباد ہونے سے روکنے کے لیے شام کی حمایت کی ضرورت ہے۔ شام کے وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے کہا کہ اسرائیلی حملوں سے بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ اسرائیل کے یہ حملے شام کو عدم استحکام سے دوچار کر رہے ہیں جبکہ خطہ کو تنازعات کے ایک نئے دور کی طرف لے جا رہے ہیں۔ اسعد الشیبانی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل پر بمباری روکنے کے لیے دباؤ ڈالے۔ ایمن الصفادی نے کہا کہ شامی سرزمین پر اسرائیلی حملے اسرائیل کے لیے سلامتی نہیں لائیں گے۔ جبکہ شام کو بربادی و تباہی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔