مذاکرات کے بغیر یرغمالیوں کی رہا ئی نہیں ہوسکتی: ابو عبیدہ
غزہ : فلسطینی کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے کہا ہیکہ اسرائیل طاقت سے اپنا کوئی یرغمالی رہا نہیں کراسکتا۔ایک بیان میں القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے بغیر کوئی یرغمالی رہا نہیں ہوگا، فوجی طاقت سے اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہیں کرایا جا سکتا۔ ابوعبیدہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جنگی کابینہ مذاکرات کیے بغیر اپنے یرغمالیوں کو رہا نہیں کراسکتی۔ اسرائیلی یرغمالی کی ہلاکت طاقت کے زور پر رہا کرانے کی کوشش کا نتیجہ ہے۔القسام بریگیڈز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 روز میں غزہ میں ہمارے لوگوں نے 180 سے زائد اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو تباہ کیا ہے۔ جھڑپوں میں اسرائیلی فوجیوں کا بڑا جانی نقصان ہوا ہے۔ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہماری مزاحمت جاری رہیگی۔ انہوں نے عرب اور اسلامی ممالک کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ غزہ کے لوگوں کی حمایت اور جنگ بندی کے لیے احتجاج جاری رکھیں۔خیال رہے کہ اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر سے حماس کے خلاف جاری جنگ میں اب تک 420 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 2 ہزار سے زائد معذور ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیلی محکمہ دفاع نے 2 ہزار سے زیادہ فوجیوں کے معذور ہونیکی تصدیق کی ہے۔ مجموعی طور پر 5 ہزار سے زائد اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 58 فیصد سے زائد شدید زخمی ہیں اور ان کی حالت خراب ہے۔