’اسرائیل غزہ میں حماس سے جنگ ہار چکاہے‘سابق اسرائیلی فوجی کمانڈرکا بیان

   

تل ابیب : سابق اسرائیلی میجر جنرل یٹزہک برک کا کہنا ہیکہ اسرائیل غزہ میں حماس سے جنگ ہار چکا ہے۔میڈیا کے مطابق یٹزہک برک نے اسرائیلی اخبار میں لکھے گئے اپنے آرٹیکل میں کہا کہ اسرائیل علاقائی جنگ کے لیے تیار نہیں، غزہ اور لبنان میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ جلد یا بدیر آکر ہمارے منہ پر پڑیگا۔سابق اسرائیلی فوجی کمانڈر نے کہا کہ آپ زیادہ دیر تک لوگوں سے جھوٹ نہیں بول سکتے۔ اسرائیل خطہ میں کسی بڑی لڑائی کیلئے تیار نہیں، ایسی لڑائی غزہ میں جاری جنگ سے کئی گنا زیادہ مشکل اور سخت ہوگی۔یٹزہک برک نے کہا کہ اگر ہم کچھ مغویوں کو بھی زندہ واپس لانے میں کامیاب نہ ہوسکے تو عوام کے ذہنوں میں یہ جنگ اسرائیلی تاریخ کی ناکام ترین جنگوں کے طور پر دیکھی جائے گی۔ ادھرغزہ کے رہایشی علاقوں پر اسرائیل کی بمباری میں مزید90سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں ۔ اس طرح7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 31 ہزار 490 فلسطینی شہید اور 73 ہزار 439 زخمی ہو چکے ہیں۔