اسرائیل غزہ پٹی پر دوبارہ قبضہ کر لے گا: میڈیا

   

لندن : اسرائیلی فوج حماس تنظیم کو حتمی شکست دینے کی کوشش میں غزہ کی پٹی کا کنٹرول واپس لینے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ اس طرح محصور غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے طویل مدت قبضے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ یہ بات برطانوی اخبار ’’فنانشل ٹائمز‘‘ نے بتائی۔ مذکورہ تجویز جس کو ابھی اسرائیلی سیکورٹی کابینہ نے منظور نہیں کیا ہے، یہ اسرائیلی فوج کے نئے سربراہ کا فارمولا ہے۔ اسے دائیں بازو کے شدت پسند اسرائیلی وزراء کی غیر سرکاری حمایت حاصل ہے۔دو اسرائیلی ذمے داران کا کہنا ہے کہ ڈونالڈٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں واپسی کی بدولت یہ منصوبہ ممکن ہو گیا ہے۔ جو بائیڈن انتظامیہ کا اصرار تھا کہ اسرائیل غزہ پر دوبارہ قبضہ یا اس کی اراضی ضم نہ رکے۔ایک تیسرے اسرائیلی ذمے دار کے مطابق سابق امریکی انتظامیہ کا ارادہ تھا کہ ہم جنگ ختم کر دیں۔ تاہم ٹرمپ یہ چاہتے ہیں کہ ہم اس میں فتح حاصل کریں۔ حماس کی شکست میں امریکہ کا بھی اعلیٰ مفاد ہے۔منصوبے کے مطابق اسرائیلی فوج غزہ پر حملے اور اس پر قبضے کیلئے جنگجو یونٹوں کو طلب کرے گی۔ غزہ کی پٹی کے وسیع رقبوں پر کنٹرول کے بعد وہاں کی 22 لاکھ کی آبادی کو بحیرہ روم کے ساحل پر ایک چھوٹے سے انسانی علاقے میں رہنے پر مجبور کر دیا جائے گا۔