اسرائیل غزہ کا محاصرہ ختم کرے، اقوام متحدہ

   

غزہ۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے دفتر برائے رابطہ انسانی امور نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ کا جاری محاصرہ ختم کرے۔ اقوام متحدہ نے اسرائیلی فوج کی طرف سے سالہا سال سے غزہ کی ناکہ بندی کی مذمت کرتے ہوئے اسے فوری کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ سالہا سال کی مسلسل ناکہ بندی نے غزہ کی معیشت کو سخت نقصان پہنچا یا ، بد ترین بے روزگاری جنم لے چکی ہے، فوڈ سکیورٹی کا مسئلہ اورعام طور پر لوگوں کو امداد پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔ یو این کے ذیلی ادارے کے بقول اسرائیل کی طرف سے اس ناکہ بندی کا مقصد عملًا یہاں کے لوگوں کو اجتماعی سزا دینا ہو چکا ہے۔ یہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اس لیے اقوام متحدہ کی قرار داد نمبر 1860کے تحت اس ناکہ بندی کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ اقوام متحدہ کے اس ذیلی ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ زمینی ، سمندری اور فضائی ناکہ بندی نے نمایاں طور پر پہلے سے جاری پابندیوں سے پیدا شدہ شہری مشکلات میں مزید اضافہ کر دیاہے۔