بیروت : حماس کے اہم قائد ڈاکٹر سامی ابو زہری نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ کی مٹی میں ڈوب رہا ہے، امریکی انتظامیہ غزہ کے خلاف جارحیت میں شراکت دار ہے۔ عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈاکٹ سامی ابو زہری نے کہا کہ امریکی انتظامیہ اپنی غلطی تسلیم کرے، امریکہ اپنے غلط مؤقف کا ازسرنو جائزہ لے، امریکی غلط مؤقف کے باعث اسرائیل غزہ میں بڑے جرائم کا مرتکب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو غزہ میں جنگ بندی کے لیے کام کرنا چاہیے، صہیونی فوج نے امریکی، مغربی حمایت سے غزہ میں 30 ہزار فلسطینی قتل کیے۔ ڈاکٹر سامی ابو زہری کا کہنا ہے کہ حماس اسرائیلی قبضہ ختم کرنے کے لیے بہت مضبوط ہے، حماس فلسطینی عوام اور قوم کا لازمی حصہ ہے، اسرائیل جارحیت کی قیمت ادا کرنے سے پہلے اپنے قیدی زندہ نہیں نکال سکے گا۔ حماس کے اہم قائد نے کہا کہ حماس اپنے فلسطینی عوام کے خلاف جارحیت روکنے کے لیے کوشاں ہے، ہم اسرائیلی جارحیت کے خاتمہ سے پہلے کسی معاہدہ تک نہیں پہنچ سکتے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی انتظامیہ جان لے، قومی آزادی کی تحریک میں حماس اپنے لوگوں کے حقوق سے دستبردار نہیں ہو گی۔