اسرائیل فلسطین تنازعہ کا تصفیہ اولین ترجیح : چینی مندوب

   

نیویارک : چین نے نومبر کیلئے سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے کے بعد اعلان کیا ہے کہ اس مدت کے دوران اسرائیل فلسطین تنازعہ کا تصفیہ چین اور پوری سلامتی کونسل کی اولین ترجیح ہو گا۔ عالمی رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں چین کے سفیر ڑانگ جن نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ ہماری صدارت کی مدت کے دوران پوری سلامتی کونسل کی اولین ترجیح غزہ کے تنازعہ کو حل کرنا ہو گی۔رپورٹ کے مطابق چین کے سفیر ڑانگ جن نے کہا کہ یہ مسئلہ گزشتہ چند ہفتوں سے کونسل کی توجہ کا مرکز ہے اوربحیثیت صدر کونسل کی دیگر ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ چینی صدارت کی توجہ کا مرکز بھی رہے۔ چینی سفارت کار نے کہا کہ افغانستان، بوسنیا اور ہرزیگوینا، لیبیا اور صومالیہ پر پابندیوں میں توسیع کا معاملہ بھی سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہوگا۔ ڑانگ جن نے کہا کہ ہم یوکرین کی صورتحال پر بھی توجہ دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کام کو نہ صرف پہلے سے طے شدہ نظام الاوقات کی بنیاد پر کرے گا بلکہ بین الاقوامی صورتحال کو بھی مد نظر رکھے گا۔