اسرائیل معاہدے سے امن کو فروغ ملے گا: بحرین

   

دبئی: متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان باہمی تعلقات سے متعلق سجھوتے کے اعلان پر عالمی اور علاقائی سطح پر اس اقدام کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔گذشتہ روز خلیجی ریاست بحرین کے فرمانروا حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید آل نھیان سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے انہیں اسرائیل کیساتھ معاہدہ کرنے پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ امارات اور اسرائیل میں امن معاہدہ خطے میں امن کیلئے کی جانے والی کوششوں کو آگے بڑھانے میں مدد دے گا۔بحرینی فرمانروا نے امارات اسرائیل معاہدے کو جرات مندانہ اور خطے میں تاریخی امن کی طرف اہم قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے معاہدے خطے کے عوام کی امنگوں کے مطابق ہیں۔ اسرائیل اور امارات کے درمیان تعلقات کے قیام سے امن کے مواقع کو آگے بڑھانے، مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے نئے افق کھولنے، خطے کی اقوام کے امن، ترقی اور خوشحالی میں مدد ملے گی۔انہوں نے اسرائیل اور امارات کے درمیان ’دوستی معاہدہ‘ کرانے میں امریکہ کی مساعی کو بھی سراہا اور کہا کہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینی اراضی پر خود مختاری سے دست برداری اہم پیشرفت ہے۔اس سے مشرق وسطیٰ میں دو ریاستی حل کی راہ ہموار کرنے اور فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کو کسی امن معاہدے تک پہنچنے میں مدد دے گی۔