نتن یاہو کو فائدہ ہونے کے اشارے ، سخت مقابلہ کی توقع
یروشلم ۔ 2 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل میں بارہ مہینوں کے دوران تیسری مرتبہ ووٹنگ ہوئی ہے وزیراعظم نتن یاہو انتخابات میں کامیابی کی صورت میں ملک کو سیاسی بحران اور اپنے کیرئیر کو بچانے کی جستجو میں ہیں جبکہ ان کے خلاف اپوزیشن کے الزامات کے تحت مقدمہ درج ہے ۔دوپہر تک سنٹرل الیکشن کمیٹی کے مطابق 27.6 فیصد ووٹروں نے اپنے بیالٹ سے استفادہ کرلیا تھا۔ 70 سالہ نتن یاہو اسرائیل کی تاریخ میں طویل عرصہ تک خدمت کرنے والے قائد ہیں جو گزشتہ ایک سال سے نگران وزیراعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ تازہ ووٹنگ سے ان کی حمایت کے اشارے مل رہے ہیں لیکن بلیو اینڈ وائیٹ پارٹی کے ساتھ ان کا سخت مقابلہ متوقع ہے ۔ امکان ہے کہ دونوں اکثریت حاصل نہیں کرسکیں گے اور اکثریت سے قریب ہوں گے ۔ جو بھی اکثریت حاصل کرے گا وہ چھوٹی جماعتوں کے ساتھ مخلوط حکومت قائم کرسکتا ہے ۔ گزشتہ سال اپریل اور ستمبر میں ہوئے الیکشن میں کوئی بھی جماعت ایسا نہیں کرسکی تھی اور اسی تعطل کے برقرار رہنے کی بھی اُمید کی جارہی ہے ۔ منگل تک قطعی نتائج کا اعلان بھی متوقع ہے ۔ دونوں جماعتیں ووٹنگ کے تناسب میں اضافہ پر توجہہ دے رہے ہیں۔