تل ابیب۔ 17 جون (ایجنسیز) العربیہ اور الحدث کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے منگل کی صبح ایران کی جانب سے فضا میں داغے گئے 18 میں سے 14 میزائلوں کو روک لیا، جب کہ شمالی اور وسطی اسرائیل میں 5 مقامات پر میزائل گرے۔ اسرائیلی ایمبولینس سروس نے بتایا کہ ایرانی میزائل حملوں میں زخمیوں کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔اس سے قبل، اسرائیلی فوج نے اعلان کیا تھا کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل داغے گئے ہیں اور دفاعی نظام انہیں روکنے کے لیے فعال ہے۔ العربیہ مطابق ایران کی جانب سے 30 سے زیادہ میزائل اسرائیل پر فائر کیے گئے، جن کے بعد وسطی و شمالی اسرائیل اور تل ابیب کے بڑے علاقوں میں سائرن بجنے لگے۔ نمائندے کے مطابق، ان میزائلوں میں سے چند وسطی اسرائیل کی تین مختلف جگہوں پر گرے، جن میں ہرتزلیا میں ایک عمارت کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا، جب کہ تصاویر میں شمالی اسرائیل کے ایک قصبے میں میزائل کے ٹکڑے گرتے دکھائی دیے۔اس سے قبل، اسرائیلی فوج نے ایران کے مغربی علاقوں میں پانچویں روز بھی متعدد فوجی اہداف پر بم باری کی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران سے اسرائیل کی طرف میزائل داغے گئے، جب کہ اسرائیلی فوج نے رات بھر میں 30 ایرانی ڈرون طیارے مار گرائے۔اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا کہ فضائیہ نے گزشتہ شب مغربی ایران میں ایرانی نظام کے درجنوں فوجی اہداف پر فضائی حملے مکمل کیے۔ ان حملوں میں زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں کے ذخیرے، ڈرونز کے گوداموں اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کے لانچرز کو نشانہ بنایا گیا۔ادھر، پیر کے روز تہران میں ایرانی سرکاری ٹی وی کے صدر دفتر پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 3 افراد ہلاک ہوئے، یہ بات منگل کے روز نشریاتی ادارے نے بتائی۔ رپورٹ کے مطابق تین ٹی وی ملازمین ہلاک ہوئے جب کہ دیگر زخمی ہیں، تاہم زخمیوں کی درست تعداد نہیں بتائی گئی۔واضح رہے کہ جمعہ کے روز اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا تھا، جس کے بعد سے دونوں ملک ایک دوسرے کو جوابی ضربیں لگا رہے ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق، پانچ دنوں میں 220 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں، جب کہ اسرائیل نے کم از کم 24 شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔