تل ابیب: اردن نے اسرائیلی پولیس کی جانب سے مقبوضہ شہر یروشلم میں واقع چرچ آف ہولی سیپلچر میں مذہبی تہوار مقدس آگ منانے کیلئے عیسائیوں کی شرکت کو روکنے پر شدید مذمت کی ہے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اردن کی وزارت خارجہ کے ترجمان الفیاض نے کہا کہ اردن اسرائیلی پولیس کی جانب سے عیسائیوں کو مذہبی تقریب میں شرکت سے روکنے پر اسرائیل کی شدید مذمت کرتا ہے۔الفیاض نے مقبوضہ شہر مشرقی یروشلم میں اسرائیلی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ شہر میں تاریخی اور قانون کا احترام کریں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق مذہبی رسومات کے رواج میں رکاوٹیں نہ ڈالیں۔واضح رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ روز یروشلم کے چرچ آف دی ہولی سیپلچر میں منعقدہ ‘مقدس آگ’ کی مذہبی تقریب میں عیسائیوں کو شرکت سے روکا تھا۔
