تل ابیب : اسرائیل نے یوں تو کوویڈ ٹیکہ اندازی میں عجلت سے کام لیتے ہوئے نیا ریکارڈ ضرور قائم کیا لیکن حالیہ دنوں میں فائزر اور بائیو این ٹیک کے کوویڈ ویکسین لینے والوں نے سینے میں جلن کی شکایتیں کی ہیں جس کے بعد ہیلتھ افسران اس بات کی تحقیقات کررہے ہیں کہ آیا سینے (قلب) میں جلن کے واقعات کا تعلق حالیہ کوویڈ ٹیکہ اندازی سے ہے۔ اسرائیل میں زائداز 5 ملین افراد کو کورونا ویکسین دی جاچکی ہے۔ کورونا کمشنر ناچمین ایشس نے اتوار کے روز ریڈیو 103FM کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے یہ بات بتائی۔ یاد رہے کہ وزارت صحت کا حوالہ دیتے ہوئے مختلف چیانلس نے تقریباً 62 کیسیس کی نشاندہی کی تھی جہاں کوویڈ ویکسین لینے کے بعد 62 استفادہ کنندگان نے قلب میں جلن کی شکایت کی تھی۔
حالانکہ یہ شاذ و نادر رونما ہونے والا واقعہ ہے جو ہر ایک لاکھ افراد کے منجملہ صرف ایک فرد کو ہی لاحق ہوتا ہے جبکہ 18 سے 30 سال کی عمر والے مردوں میں اس کی شرح 20,000 کے منجملہ صرف ایک ہے۔
