اسرائیل میں مخلوط حکومت کی تشکیل کی کوششیں تیز

,

   

یروشلم ۔ 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل میں حکومت سازی کی کوششوں میں تیزی پیدا ہوگئی ہے۔ اسرائیل کے وزیراعظم بنجامن نتن یاہو اور ان کے اہم حریف کی آج ملاقات ہوئی جس میں ہنگامی حکومت کی تشکیل کیلئے معاہدہ کو قطعیت دینے کی کوششوں پر غور کیا گیا ہے۔ نئی حکومت کی تشکیل سے ملک میں کوروناوائرس کے خطرے سے نمٹا جائے گا اور اس بحران کی گھڑی میں ملک کو ایک اور منقسم انتخابات سے بچایا جاسکے گا۔ نتن یاہو اور سابق فوجی سربراہ بینی گنٹز کے درمیان اجلاس کے بعد دونوں کو اسرائیل کے صدر رویند ریویلن کی جانب سے معاہدہ کی تکمیل کیلئے 48 گھنٹوں کی مہلت دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہیکہ دونوں قائدین کے درمیان بات چیت میں پیشرفت ہوئی ہے۔ گذشتہ ماہ اسرائیل میں ہوئے انتخابات میں بھی کسی بھی پارٹی کو گذشتہ دو انتخابات کی طرح واضح اکثریت حاصل نہیں ہوئی۔ ان حالات میں مشترکہ حکومت کیلئے نتن یاہو کی پیشکش کو گنٹز نے قبول کیا ہے۔ اس اقدام پر گنٹز کے حامیوں کی جانب سے شدید تنقیدیں بھی کی جارہی ہیں۔ کوروناوائرس سے اسرائیل میں اب تک 117 افراد فوت ہوچکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد تقریباً 12000 ہوگئی ہے۔