تل ابیب۔14؍جون (ایجنسیز )اسرائیل میں ہندوستانی سفارت خانے نے وہاں مقیم تمام ہندوستانی شہریوں سے موجودہ صورتحال کے پیش نظر چوکس رہنے کی اپیل کی ہے۔ اسے اسرائیلی حکام اور ہوم فرنٹ کمانڈ کی طرف سے تجویز کردہ حفاظتی پروٹوکول پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور ملک کے اندر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حفاظتی پناہ گاہوں کے قریب رہیں۔
ایران میں ہندوستانی شہریوں کی مدد کیلئے ایمرجنسی نمبر
نئی دہلی ۔14؍جون (ایجنسیز ) حکومت نے ایران میں ہندوستانی شہریوں کی مدد کے لیے ہنگامی نمبر جاری کیے ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ہندوستانی نژاد لوگ جنہیں مدد کی ضرورت ہے وہ ایران میں ہندوستانی سفارت خانے کے ہنگامی نمبروں پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اور میزائیل حملوں کے درمیان دونوں ممالک میں موجود دوسرے ممالک کے شہریوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ان میں کئی ہندوستانی بھی شامل ہیں۔