یروشلم ۔ 25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کے صدر نے چہارشنبہ کو وزیراعظم بنجامن نتن یاہو کو نئی حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی ہے جبکہ گذشتہ ہفتہ کے انتخابات کے نتائج نے تعطل پیدا کر رکھا تھا۔ صدارتی دفتر کی طرف سے یہ اعلان صدر روین ریولین، نتن یاہو اور وزیراعظم کے چیلنجر بینی گانز کے درمیان مشترکہ اجلاس کے بعد کیا گیا۔ نتن یاہو کو تشکیل حکومت کیلئے 28 یوم ملیں گے جس میں دو ہفتے کی توسیع ممکن ہے۔ اگر تمام کوششیں ناکام ہوجائیں تو ریولین نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری کسی اور کو سونپ سکتے ہیں۔ ریولین نے نتن یاہو اور گانز سے اتحادی حکومت تشکیل دینے کی بار بار اپیل کی ہے۔
