اسرائیل میں پھر الیکشن اب یائر لیپڈ اسرائیل کے وزیراعظم ہوں گے

   

تل ابیب : اسرائیل میں تین برسوں کے دوران پانچویں مرتبہ انتخابات کی راہ ہموار ہوگئی جہاں قانون ساز پارلیمان تحلیل کرنے کے لیے ووٹ دیں گے جبکہ نیفتالی بینیٹ کی جگہ یائر لیپڈ نئے وزیراعظم ہوں گے۔ میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیفتالی بینیٹ اپنے منصب سے استعفیٰ دیں گے، جن کے شراکت دار اس اتحاد کو حصہ ہیں جنہوں نے ایک سال قبل سابق وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی ریکارڈ 12 سالہ حکمرانی کا خاتمہ کردیا تھا۔نامزد نئے وزیراعظم یائرلیپڈ سابق صحافی اور اتحاد میں شامل سب سے بڑی جماعت کے سربراہ ہیں اور وہ نئے انتخابات تک قائم مقام وزیراعظم کے طور پر فرائض نبھائیں گے۔سرکاری عہدیدار کا کہنا تھا کہ اسرائیلی پارلیمنٹ میں اگلے ہفتے ووٹنگ ہوگی جس کے بعد یائر لیپڈ وزارت عظمیٰ سنبھال لیں گے۔اتحادی جماعت کے سربراہ اور وزیردفاع بینی گینٹز کا کہنا تھا کہ‘میرے خیال میں حکومت نے گزشتہ ایک برس میں بہت اچھا کام کیا ہے، یہ شرم ناک ہے کہ ملک انتخابات میں چلا جائے گا’۔انہوں نے کہا کہ‘ہم جہاں تک ممکن ہو ایک عارضی حکومت کے طور پر اپنا کام کرتے رہیں گے’۔اسرائیل میں حکومت کی تبدیلی ایک ایسے موقع پر ہو رہی ہے جب امریکی صدر جوبائیڈن چند ہفتوں بعد دورہ کرنے والے ہیں، جس کا مقصد اسرائیل کے مخالف ملک ایران کے خلاف خطے میں سلامتی کے تعلقات کو بہتر کرنا ہے۔