یروشلم : اسرائیل کے زیر قبضہ فلسطینی شہر یافامیں ایک چاقو حملے میں یہودی آبادکار زخمی ہوگیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلسطینی نوجوان نے بدھ کی شام یافا شہر میں یہودی آبادکار پر چاقو سے حملہ کیا۔ اسرائیلی فوج نے نوجوان کو گرفتار کرلیا،جس کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے سے ہے۔ ادھر اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 26 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ قابض فوج نے تلاشی کی کارروائیوں کے دوران گھروں میں گھس کر توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی۔ اس دوران صہیونی اہل کاروں نے شہریوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے غرب اردن میں تلاشی کے دوران کئی فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔ ان میں یہودی ا?باد کاروں پرحملوں میں مطلوب فلسطینی شامل ہیں۔ غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں اسرائیلی فوج نے تلاشی کے دوران گھروں سے نقدی لوٹ لی۔ دوسری جانب اسرائیلی قیدخانوں میں سیکورٹی سخت کرنے پر قیدی مشتعل ہوگئے اور وہاں بھوک ہڑتال کی مہم شروع ہوگئی۔ 6 ستمبر کو اسرائیل کی ہائی سیکورٹی جیل سے فلسطینی قیدیوں کے فرار ہونے کے بعد سے صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی ہے۔