تہران : ایران کے نئے صدر مسعود پزشکیان نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے گولان کی مقبوضہ پہاڑیوں کے نزدیک حملے کی آڑ میں حزب اللہ پر حملہ کیا گیا تو یہ پوری صہیونی اقتدار کی بہت بڑی غلطی ہو گی۔ انہوں نے یہ انتباہ فرانس کے صدر امانویل ماکروں سے فون پر گفتگو کے دوران دیا۔ایران کے نئے صدر نے ایرانی رہبر اعلی علی خامنہ ای کی طرف ان کے بطور صدر منتخب ہونے کی توثیق کے بعد اپنی ذمہ داریاں اتوار کے روز باضابطہ سنبھال لی ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے فرانسیسی صدر امانویل ماکروں سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور کہا کہ ان کا ملک فرانس کے ساتھ باہمی اعتماد و احترام کے تحت تعلقات کو فروغ دینے کیلیے تیار ہے۔ایرانی صدر نے خبردار کیا کہ اگر صیہونی اقتدار نے لبنان پر حملے کی کوشش کی تو اْسے اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہونگے۔واضح رہے اسرائیل نے اس سے پہلے ہی لبنان اور حزب اللہ کے خلاف ایک مکمل جنگ شروع کرنے کی دھمکی دی ہے۔مسعود پزشکیان نے فرانسیسی صدر سے فون پر گفتگو میں اسرائیل کو جنگی جرائم اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کا مرتکب قرار دیا ہے۔ یاد رہے کہ ایرانی صدر سے پہلے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی بھی اتوار کے روز اسرائیل کو انتباہ کیا تھا اسرائیل نے کوئی بھی جنگی مہم شروع کی تو اسے بھی سخت اور انتہائی حیران کن جواب دیکھنا پڑے گا۔