اسرائیل نے سائنسدانوں کو سفر سے روک دیا

   

یروشلم ۔ اسرائیل کے انسدادِ دہشت گردی کے محکمے نے ملک سے باہر مقیم یا سفر پرگئے ہوئے اپنے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ اسرائیلی شہریوں کو ایرانی دھمکیوں میں اضافے کے پیشِ نظر احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔اسرائیلی شہریوں کے لئے یہ انتباہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب وزیراعظم بنجامن نتن یاہو امریکہ کے نو منتخب صدر جو بائیڈن سے کہنے والے ہیں کہ وہ ایران کے ساتھ پرانے، بے کار اور ناکام جوہری معاہدے کی جانب واپس نہ جائیں۔ اسرائیلی وزیراعظم امریکی صدر سے یہ بھی کہیں گے کہ ایران صرف سختی کی زبان ہی سمجھتا ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے انسدادِ دہشت گردی کے بیورو نے اسرائیلی ماہرینِ فزکس اور جوہری سائنسدانوں سے کہا ہے کہ وہ بیرونِ ملک سفر سے گریزکریں اور ملک میں بھی اپنے روز مرہ امور میں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔اسرائیل کی جانب سے جاری کئے گئے انتباہ کے مطابق ایران کی جانب سے ماضی میں بھی کئی ملکوں میں دہشت گردی کی کارروائیاں کی گئی ہیں اور خطرہ ہے کہ ایران اسی طرح اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کرے گا۔