اسرائیل نے غزہ میں 33دنوں میں 30ہزار ٹن بارود گرایا

   

غزہ: فلسطینی حکام نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے میں غزہ کی پٹی پر33 دنوں میں30ہزار ٹن بارودی مواد گرایا گیاجس کے نتیجے میں 22 ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا اور 40 ہزار سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔غزہ کی پٹی میں سرکاری میڈیا آفس کے سربراہ سلامہ معروف نے بتایا ہے کہ صہیونی فوجیوں کی مسلسل بمباری کے نتیجے میں 70 ایمبولینسیں تباہ، 113 صحت کے اداروں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور 18 اسپتالوں اور 70 مراکز صحت تباہ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 1.5 ملین شہری اپنے گھروں سے پناہ گاہوں یا رشتہ داروں کی طرف بے گھر ہوئے، غزہ میں 53 علما شہید ہوگئے جبکہ اسرائیلی قابض فوج نے 56 مساجد کو مکمل طور پر تباہ کردیا ہے اور 3 گرجا گھروں کو تباہ کر دیا۔اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے لے کر اب تک 79 صحافیوں کو شہید کیا گیا، پانی اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس اور پانی کے کنوں کو پہنچنے والے نقصانات کا مکمل اندازہ لگانے سے قاصر ہے۔