اسرائیل نے فلوٹیلا کے 14 جرمن شرکاء کو ملک بدر کر دیا

   

برلن ۔ 7 اکتوبر (ایجنسیز) جرمن خارجہ دفتر نے منگل کے روز بتایا کہ اسرائیل نے غزہ پٹی کی طرف جانے والے امدادی قافلے گلوبل صمود فلوٹیلا میں شرکت کرنے والے 14 جرمن شہریوں کو ملک بدر کر دیا ہے۔ وزارت کی ایک ترجمان نے بتایا کہ اسرائیلی حراست سے رہائی پانے والے جرمن شرکاء کو یونان لے جایا گیا اور وہاں موجود جرمن سفارت کاروں نے ان کا استقبال کیا۔ اسرائیلی بحریہ نے گزشتہ ہفتہ بحیرہ روم میں غزہ پٹی کے لیے امدادی سامان لے جانے والی 42 بحری کشتیوں کو روک لیا تھا جبکہ درجنوں ممالک سے تعلق رکھنے والے 400 سے زائد ارکان کو حراست میں لے لیا گیا تھا، جس کی بین الاقوامی سطح پر مذمت کی گئی تھی۔ ان میں سویڈش کلائمیٹ ایکٹیوسٹ گریٹا تھنبرگ اور بارسلونا کی سابق میئر ایڈا کولاؤ بھی شامل تھیں۔ بہت سے شرکاء کو اس کے بعد سے ملک بدر کیا جا چکا ہے، جن میں سے 160 پیر کو ایتھنز پہنچے۔ گلوبل صمود فلوٹیلا کے منتظمین نے کہا ہے کہ شرکاء کو اسرائیلی حراست میں جسمانی اور زبانی توہین کا نشانہ بنایا گیا۔