اسرائیل نے مغربی کنارے میں3 فلسطینیوں کو شہید کر دیا

,

   

غزہ : مغربی کنارے میں اسرائیل کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے ۔فلسطینی ذرائع کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں رات گئے اسرائیلی فوج کے دھاووں کے دوران تین فلسطینی شہید ہوگئے۔فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان میں نابلس کے بلاطہ فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں ہلاک ہونے والے تین افراد کی شناخت محمد ابو زیتون (32)، فتحی ابو رزق (30) اور عبداللہ ابو حمدان (24) کی حیثیت سے کی ہے۔ اسرائیلی فوج نے اس بارے میں کوئی بیان نہیں دیا۔فلسطینی صدر محمود عباس کی فتح پارٹی کے مسلح ونگ الاقصیٰ شہداء￿ بریگیڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ تینوں اس گروپ سے وابستہ تھے۔عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے مطلوب افراد کی تلاش میں رات بھر کیمپ میں کئی گھروں پر چھاپے مارے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ گولیاں چلنے اور زوردار دھماکوں نے کیمپ کو ہلا کر رکھ دیااور دھماکوں سے ایک مکان منہدم ہو گیا۔مغربی کنارے پر اسرائیل نے 1967 کی چھ روزہ جنگ کے بعد سے قبضہ کر رکھا ہے۔یہاں تقریباً 30 لاکھ فلسطینی رہتے ہیں، ان کے ساتھ تقریباً 490,000 اسرائیلی بھی بستیوں میں رہتے ہیں جنہیں بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی سمجھا جاتا ہے۔