اسرائیل کا اپنے شہریوں کو ترکی کا سفر نہ کرنے کا مشورہ

   

تل ابیب : اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لیپڈ نے ملکی شہریوں کو ‘حتی الامکان جلد ازجلد’ ترکی چھوڑ دینے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کے بقول ایرانی عناصر استنبول میں اسرائیلی شہریوں پر حملے کا سرگرمی سے منصوبہ بنا رہے ہیں۔اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لیپڈ نے یہ واضح اور ٹھوس تنبیہ ایک ایسے وقت پر ہے، جب دو سخت حریف ممالک ایران اور اسرائیل کے مابین کشیدگی کافی بڑھ چکی ہے۔ تہران نے نہ صرف اہنے ہاں نیوکلیئر تنصیبات اور فوجی انفراسٹرکچر پر ہونے والے سلسلہ وار حملوں کا الزام اسرائیل پر لگایا ہے بلکہ شام میں ہونے والے حملوں کے لیے بھی اسرائیل ہی کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔یائر لیپڈ نے ایرانی اہداف کے خلاف اسرائیل کی کسی بھی مبینہ کارروائی کا کوئی ذکر نہ کیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ترکی کو اس وقت ‘ایرانی ایجنٹوں سے حقیقی اور فوری خطرہ‘ لاحق ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے استنبول میں چھٹیاں گزارنے والے اسرائیلی شہریوں کے خلاف متعدد ایرانی ‘دہشت گردانہ‘ حملوں کا ذکر بھی کیا۔وزیر خارجہ لیپڈ نے اسرائیلی شہریوں سے کہا، ”اگر آپ اس وقت استنبول میں ہیں، تو جلد از جلد اسرائیل واپس آ جائیں۔ اور اگر آپ استنبول جانے کا ارادہ رکھتے ہیں، تو اپنا ارادہ منسوخ کر دیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ”اگر قطعی ناگزیر نہ ہو، تو آپ ترکی کا سفر نہ کریں۔‘‘