اسرائیل کا شامی بندرگاہ پر میزائلوں سے حملہ

   

تل ابیب : اسرائیل نے شام کی بندرگاہ لطاکیہ پر ایک مہینہ میں دوسری بار حملہ کیا ہے۔ شامی سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے لطاکیہ پر فضائی حملہ کیا گیا، اسرائیل نے لطاکیہ پورٹ پر متعدد میزائل داغے، اسرائیلی میزائلوں نے لطاکیہ پورٹ کے کنٹینر یارڈ کو نشانہ بنایا ، جس سے وہاں آگ لگ گئی اور بھاری مالی نقصان ہوا۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی میزائلوں سے قریب موجود ایک اسپتال اور چند رہائشی عمارتوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔شامی حکام کی جانب سے حملے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔اسرائیلی فوجی ترجمان نے شام میں فضائی حملہ کی خبرپر ردعمل سے گریز کرتے ہوئے کہا ہیکہ غیرملکی میڈیا کی خبروں پر ردعمل نہیں دیتے۔اس سے قبل 7 دسمبر کو بھی اسرائیل کی جانب سے لطاکیہ پورٹ کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا تھا۔