اسرائیل کا شام میں ایرانی تنصیبات پر حملہ، 11 ہلاک

   

بیروت ۔ 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پیر کے دن شام کے بیشتر ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے اسرائیل کے حملوں میں حکومت حامی 11 جنگجو ہلاک ہوگئے جن میں دو شامی شہری بھی شامل ہیں۔ ایک جنگی مانیٹر نے یہ بات بتائی۔ دوسری طرف اسرائیل کی فوج نے بتایا کہ پیر کے روز ایران کی متعدد تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جبکہ کچھ دیر قبل ہی انہوں نے شامی سرحد سے داغے گئے ایک راکٹ حملہ کو ناکارہ کیا تھا۔ دی سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا کہ گذشتہ سال مئی کے بعد اسرائیل کی جانب سے کئے گئے یہ انتہائی خوفناک حملے تھے۔ آبزرویٹری سربراہ رامی عبدالرحمن نے یہ بات بتائی۔ لبنانی شیعہ تحریک حزب اللہ اور ایرانی جنگجوؤں سے تعلق رکھنے والے ہتھیاروں کے ذخیروں کو نشانہ بنایا گیا۔ یاد رہیکہ اسرائیل یہ نہیں چاہتا کہ اس کا کٹر دشمن ایران شام کے جنگی حالات میں مداخلت کرے۔ شام میں 2011ء سے شروع ہوئی خانہ جنگی میں اب تک 360,000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ بے گھر ہونے والوں کی تعداد بھی لاکھوں میں ہے۔