اسرائیل کا شام پر زمینی حملہ ۔ ایک شامی شہری کو گرفتار کرلیا گیا

,

   

دمشق : اسرائیلی فوج نے آج کہا کہ اس نے شام میں زمینی حملہ کیا ہے اور ایک شامی شہری کو گرفتار کرلیا ہے جس پر ایرانی نیٹ ورکس کیلئے کام کرنے کا الزام ہے ۔ جاریہ جنگ میں یہ پہلا موقع ہے جب اسرائیل نے شام میںاپنی افواج داخل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ شام نے فوری طور پر اس حملے کی توثیق نہیں کی ہے ۔ اسرائیل نے گذشتہ ایک سال میں شام کے کئی علاقوں میں ایک سے زائد فضائی حملے کئے ہیں۔ یہاںلبنان کی حزب اللہ کے ارکان کو نشانہ بنایا گیا ہے اور ایرانی عہدیدار بھی مارے گئے ہیں۔ تاہم اس نے پہلے کبھی شام میں زمینی افواج کے داخلہ کا اعلان نہیں کیا تھا ۔ اسرائیلی فوج نے یہ واضح نہیں کیا کہ اس نے شام میں یہ زمینی حملہ کہاں اور کب کیا تھا ۔ اس نے تاہم کہا کہ ایک شامی شہری علی سلیمان العسی کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور کہا گیا کہ یہ شخص جنوبی شامی علاقہ سیدہ کا ساکن ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ شخص کئی مہینوںسے فوجی نگرانی میں تھا اور اس پرا لزام ہے کہ وہ اسرائیلی قبضہ والی گولان کی پہاڑیوں کے علاقوں کو نشانہ بنانے ایران کی کوششوں میںشامل رہا تھا ۔ فوج کی جانب سے جاری کئے گئے باڈی کیمرہ فوٹیج میںدکھایا گیا کہ سپاہیوں نے ایک شخص کو ایک عمارت سے گرفتار کرلیا ہے اور اسے پوچھ تاچھ کیلئے اسرائیل لایا جا رہا ہے ۔