اسرائیل کا عازمین حج کیلئے مختص مسافر طیارے پر فضائی حملہ

   

صنعا، 28 مئی (یو این آئی)اسرائیل نے عازمین حج کیلئے مختص یمن کے مسافر طیار ے کو صنعا ایئرپورٹ پر نشانہ بنایا ہے ۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے صنعا کے انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر آج صبح چار فضائی حملے کیے جس میں رن وے اور یمنی ایئرلائن کے ایک طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر خالد الشیف نے ایکس پر لکھا کہ ‘اسرائیل نے صنعا کے ایئرپورٹ پر یمنی ایئرلائنز کے آخری فنکشنل طیارے کو نشانہ بنایا اور اسے تباہ کردیا۔پرواز کے اعدادو شمار کے مطابق نشانہ بننے والا طیارہ ایئربس اے 320-233 تھا جو اردن کے دارالحکومت عمان سے آیا تھا، یہ صنعا میں صبح 9 بجکر 10 منٹ پر اترا۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق طیارے کو حج کیلئے سعودی شہر جدہ کیلئے اڑان بھرنا تھی، جمعے کے روز ایئرپورٹ پر اعلان کیا گیا تھا کہ وہ عازمین کی نقل و حمل کیلئے 9 دن جدہ کیلئے دن میں دو پروازیں چلائیں گے ۔