اسرائیل کا غزہ پر زمینی حملہ، فضائی حملے بھی تیز

,

   

غزہ/یروشلم، 16 ستمبر (یو این آئی) اسرائیل نے منگل کی صبح غزہ شہر پر زبردست بمباری کی ہے ۔امریکی میڈیا آؤٹ لیٹ ‘ایکسئوس’ نے اسرائیلی حکام کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ شہر پر قبضہ کرنے کے لیے پیر کے روز زمینی حملہ کیا ہے ۔اسرائیلی اخبار ‘دی یروشلم پوسٹ’ نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی دفاعی فورسز (آئی ڈی ایف) کا غزہ شہر پر حملہ پیر کی دیر رات سے شروع ہوا۔’ٹائمز آف اسرائیل’ کے مطابق آئی ڈی ایف حالیہ دنوں میں شہر اور اس کے ارد گرد فضائی حملوں کو بتدریج بڑھا رہا ہے ، لیکن اس نے گنجان آبادی والے شمالی شہر میں زمینی فوج نہیں بھیجی ہے ۔غزہ میں مقامی ذرائع اور عینی شاہدین نے غزہ شہر میں کسی بھی اسرائیلی ٹینک کے داخلے کی تردید کی ہے ، غزہ شہر کے مقامی افراد کے مطابق ابھی تک شہر کے اندرونی حصوں میں اسرائیلی ٹینکوں کے داخلے یا نقل و حرکت کا کوئی منظر نہیں دیکھا گیا۔ لیکن انہوں نے غزہ شہر کے بیشتر حصوں میں زبردست فضائی حملوں اور ڈرون بمباری کی تصدیق کی ہے ۔فلسطین کی سرکاری نیوز ایجنسی ‘ڈبلیو اے ایف’ نے منگل کی صبح خبر دی کہ اسرائیلی فوج نے پیر کی رات سے غزہ شہر پر حملے تیز کر دیے ہیں۔ مقامی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے ‘ڈبلیو اے ایف’ نے کہا کہ اسرائیلی جنگی طیارے شہر پر مسلسل حملے کر رہے ہیں اور رکنے کا نام نہیں لے رہے ۔اسرائیلی آرمی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتوں میں دس لاکھ کی آبادی والے غزہ شہر سے تقریباً تین لاکھ فلسطینی بھاگ گئے ہیں۔اگست کے آغاز میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر نے اعلان کیا کہ اسرائیلی سکیورٹی کابینہ نے غزہ شہر پر قبضہ کرنے کی منصوبہ بندی کو منظوری دے دی ہے ۔ اسرائیلی فوجی ترجمان ایفِی ڈیفرین نے اس مہینے کے آغاز میں کہا تھا کہ اسرائیلی فوج غزہ شہر کے تقریباً 40 فیصد حصے پر قابض ہے اور آنے والے دنوں میں اس علاقے کے سب سے بڑے شہری مرکز پر قبضہ کرنے کے لیے حملوں کو تیز کرے گی۔
اسرائیلی فورس غزہ میں داخل
3 صحافیوں سمیت 60فلسطینی شہید
غزہ، 16ستمبر (یو این آئی) اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں آپریشن کا آغاز کردیا۔ کئی ہفتوں سے جاری فضائی بمباری اور اونچی عمارتیں تباہ کرنے کے بعد اسرائیلی فوج بالآخر ٹینکوں کے ساتھ غزہ شہر کے وسط میں داخل ہوگئی ہے ۔ اسرائیل کی طیاروں سے بمباری بھی جاری ہے اور غزہ شہر کے وسط میں زمینی کارروائی بھی جاری ہے جبکہ ہزاروں لوگوں غزہ شہر سے دوسرے علاقوں کی طرف نقل مکانی کررہے ہیں تاہم بہت سے لوگ اپنے شہر چھوڑنے کا تیار نہیں ہیں۔ دوسری جانب گزشتہ 24گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں سے 3صحافیوں سمیت مزید 60فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ اتوار کو اسکولوں اور کلینک سمیت 16 عمارتیں تباہ کی گئیں۔ ادھر اسرائیل کے دورہ پر موجود امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ شہر میں آپریشن شروع کردیا ہے اور اب معاہدے ہمارے پاس معاہدے کیلئے صرف چند دنوں یا ہفتوں کا وقت رہ گیا ہے ۔