اسرائیل کا غزہ کیلئے غذائی امداد کیاجازت دینے کا امکان

   

تل ابیب ۔ 5 اگست (ایجنسیز) امداد کی رابطہ کار اسرائیلی فوجی ایجنسی کوگاٹ نے منگل کو کہا کہ اسرائیل مقامی تاجروں کے ذریعہ غزہ میں سامان کے بتدریج اور کنٹرول کے تحت داخلے کی اجازت دے گا۔ایجنسی نے کہا کہ اس کا مقصد غزہ کی پٹی میں داخل ہونے والی امداد کے حجم میں اضافہ جبکہ اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی تنظیموں کی طرف سے امداد کی وصولی پر انحصار کم کرنا ہے۔ایک کمزور اور لاغر اسرائیلی قیدی کی ویڈیو کو مغربی طاقتوں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد اتوار کے روز حماس نے کہا کہ اگر اسرائیل بعض شرائط پوری کر دے تو وہ غزہ میں اسرائیلی قیدیوں کو امداد پہنچانے کی غرض سے ریڈ کراس سے رابطہ کاری کیلئے تیار ہے۔

نیتن یاہو کا غزہ پٹی پر
مکمل قبضہ کا منصوبہ
تل ابیب ۔ 5 اگست (ایجنسیز) اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے غزہ میں فوجی آپریشن کو مزید وسعت دینے اور مکمل غزہ پٹی پر قبضے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو ان علاقوں میں بھی فوجی کارروائی کا منصوبہ بنا رہے ہیں جہاں یرغمالیوں کی موجودگی کا شبہ ہے۔اسرائیل کے معروف چینل 12 کے مطابق نیتن یاہو کی زیر قیادت حکومت غزہ کے تمام علاقوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ منگل کو کابینہ کے اجلاس میں متوقع ہے۔29 جولائی کو اسرائیلی اخبار “ہاریٹز” نے رپورٹ کیا تھا کہ نیتن یاہو نے امریکی حمایت یافتہ منصوبہ کابینہ کو پیش کیا، جس کے تحت غزہ کے مخصوص حصوں پر دوبارہ قبضہ کیا جائے گا۔