حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ کے باوجود اپنی نوعیت کا پہلا حملہ
بیروت، 12 جولائی (یو این آئی) لبنانی وزارت صحت نے گزشتہ روز اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں ایک شخص کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے ۔ یہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے باوجود اس نوعیت کا حالیہ حملہ ہے ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی وزارت صحت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ النبطیہ کے مضافات میں النمیریہ کے علاقے میں ایک گاڑی پر اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہوگئے ۔اسرائیلی فوج کے مطابق انہوں نے محمد شعیب کو قتل کر دیا ہے ۔ اسرائیل نے شعیب پر لبنان اور مغربی کنارے میں ہتھیاروں کی سمگلنگ میں مدد کرنے کا الزام لگایا ہے ۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق ہدف بنانے کا عمل اسرائیلی فضائیہ کے ایک طیارے کے ذریعے کیا گیا۔ یہ کارروائی اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس، شمالی کمان اور اسرائیلی جنرل سکیورٹی سروس (شاباک) کی جانب سے درست انٹیلی جنس رہنمائی کی مدد سے کی گئی۔اویچائی ادرائی نے دعویٰ کیا کہ محمد شعیب اسرائیل کے اندر کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں ایک مرکزی کردار تھا۔ وہ حملے کرنے کے لیے ملک کے اندر جنگی سازوسامان کی سمگلنگ اور لبنان میں فوجی انفرا سٹرکچر بنانے میں مصروف تھا۔دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی طور پر آباد یہودیوں نے امریکی شہری کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق مقتول امریکی شہری کے اہل خانہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے بتایا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں نے اسے تشدد کر کے قتل کیا۔