n اسرائیلی آبادی کا 21 فیصد حصہ فلسطینی شہریوں پر مشتمل ، مگر فلسطینیوں کیلئے 3 فیصد سے بھی کم زمین دستیاب
n 60 تا 70 ہزار فلسطینیوں کے مکانات کوانہدام کا خطرہ ، 1948 سے تاحال 900 سے زائد یہودی بستیوں کی تعمیر
واشنگٹن۔ 13مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) انسانی حقوق کی تنظیم نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی شہریت کے حامل فلسطینیوں کو مکانات بنانے اور آبادی کی افزائش کے لیے زمین فراہم نہیں کی جا رہی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اسرائیل اب فلسطینیوں کو مقبوضہ علاقوں سے بھی باہر کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔امریکہ کے انسانی حقوق کے گروپ ‘ہیومن رائٹس واچ’ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی پالیسیاں یہودی شہریوں کے حق میں ہیں اور دہائیوں سے جاری امتیازی سلوک اور زمین پر قبضے کے سبب فلسطینی شہری گنجان آباد علاقوں اور گاؤں میں رہنے پر مجبور ہیں جس میں مزید توسیع کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت یہودی آبادی کی توسیع و ترقی کی مکمل حمایت کر رہی ہے اور ان یہودی بستیوں میں سے اکثر کو 1948 میں نکبہ میں تباہ ہونے والے فلسطینی گاؤں پر تعمیر کیا گیا ہے۔انسانی حقوق کے ادارے نے کہا کہ فلسطینی اسے اپنی تباہی تصور کرتے ہیں کیونکہ جنگ کے بعد ہزاروں کی تعداد میں فلسطینیوں کو زبردستی ان کے گھروں سے نکال کر کر اسرائیلی بستیوں کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔تنظیم کے مشرق وسطیٰ کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو ایرک گولڈ اسٹین نے کہا کہ گرین لائن کے دونوں اطراف اسرائیلی پالیسی کے سبب فلسطینی گنجان آباد علاقوں میں محدود ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ زمین کا اکثر حصہ اسرائیلیوں کو دستیاب ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ طریقہ کار مقبوضہ مغربی کنارے میں عام ہے لیکن اب اسرائیلی حکام اپنے ملک اسرائیل کے اندر بھی زمین کے معاملے میں امتیازی سلوک کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق یروشلم کے علاوہ اسرائیل میں تعمیر 60 سے 70 ہزار فلسطینیوں کے مکانات کو گرائے جانے کا خطرہ ہے۔اننسانی حقوق کی تنظیم کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی آبادی کا 21 فیصد حصہ فلسطینی شہریوں پر مشتمل ہے لیکن اس کے باوجود اسرائیلی اور فلسطینی انسانی حقوق کی تنظیموں نے تخمینہ لگایا تھا کہ اسرائیل کی حدود کی تین فیصد سے بھی کم زمین فلسطینی آبادیوں کو رہائش کے لیے دستیاب ہے۔
اسرائیلی حکومت ملک کی براہ راست 93 فیصد زمین کو کنٹرول کرتی ہے جس میں مقبوضہ مشرقی یروشلم کا علاقہ بھی شامل ہے اور حکومتی ایجنسی اسرائیل لینڈ اتھارٹی زمین کے تمام تر امور کو دیکھتی ہے۔اسرائیل لینڈ اتھارٹی کے تقریباً آدھے اراکین کا تعلق جیوش نیشنل فنڈ سے ہے جس کے پاس یہودیوں کے سوا کسی اور کو زمین نہ دینے اور اسی ایجنسی کے پاس یہودیوں کی آباد کاری کے حقوق اور انہیں ترقیاتی کاموں کی اجازت دینے کا حق ہے۔اس کے علاوہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ یہودیوں کی ہر بستی میں داخلے کی ایک باقاعدہ کمیٹی ہے جو فلسطینیوں کو داخلے کی اجازت نہیں دیتی اور ان کے پاس اس بات کے قانونی حقوق ہیں۔کچھ یہی معاملہ ناگیو میں فلسطینی گاؤں بدون کا بھی ہے جس میں قائم عمارتوں کو یہ کہہ کر گرانے کا حکم دیا گیا ہے کہ ان کے پاس عمارتیں بنانے کا اجازت نامہ نہیں اور موجودہ حالات میں ان افراد کے لیے یہ اجازت نامہ حاصل کرنا ناممکن ہے۔1948 سے اب تک اسرائیل نے اپنی سرزمین پر 900 سے زائد یہودی بستیاں بنانے کی اجازت دی ہے لیکن اس کے برعکس اسرائیلی شہریت کے حامل فلسطینیوں کو انتہائی کم تعداد میں عمارتوں کی تعمیر کی اجازت دی گئی۔
مائیک پومپیو کا دورہ اسرائیل
فلسطینی جوان شہید
غزہ ۔13مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) اسرائیلی افواج کی فائرنگ سے ہیبرون میں الفوار مہاجر کیمپ میں ایک پندرہ سالہ فلسطینی لڑکا شہیدہو گیا ہے۔ فلسطینی وزارت صحت نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق لڑکے کی ہلاکت کی اطلاع کی تفتیش جاری ہے۔ فوج نے کہا ہے کہ انہوں مسلح جھڑپوں کے رد عمل میں کارروائی کی۔ یہ پیش رفت ایک ایسے موقع پر ہوئی ہے جب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو آج بروز چہارشنبہ تل ابیب پہنچ چکے ہیں۔ پومیپو کے اس دورے کا مقصد علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لینا اور مقبوضہ مغربی کنارے کے مزید حصوں کو اسرائیلی سرزمین میں ضم کرنے کے اسرائیلی منصوبوں پر بات چیت کرنا ہے۔ وہ اس دوران وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے۔ مغربی کنارے کی زمین پر اسرائیلی آباد کاری ایک حساس معاملہ ہے جس کی بین الاقوامی برادری مذمت کرتی آئی ہے