یروشلم، 20 اگست (یو این آئی) اسرائیل کی دفاعی سازوسامان کی خرید کی کمیٹی نے ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کی تیاری اورفروغ کے لیے تقریباً 1.5 ارب ڈالر کے ایک خصوصی منصوبے کو منظوری دے دی ہے ۔اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز اور وزارت دفاع کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل (ریٹائرڈ) امیر بارام نے یہ منصوبہ ملک کی دفاعی سازو سامان کی خریدکی کمیٹی کے سامنے پیش کیا۔ اس کے تحت آئندہ پانچ سال میں ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کی صلاحیت بڑھانے کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔کاٹز نے منصوبہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہم اسرائیل کی سلامتی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور ملک کے مستقبل کے تحفظ کے لیے اپنی افواج میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے ۔ بارام نے کہا کہ بکتر بند گاڑیوں کی تیاری میں تیزی لانا موجودہ تنازعہ میں ہماری ضروریات کو پورا کرنے اور آنے والی دہائی کے لیے تیاری کرنے کی وزارت کی حکمت عملی کا حصہ ہے ۔