اسرائیل کا یمن سے داغے گئے میزائل ناکارہ بنانے کا دعویٰ

   

یروشلم؍صنعاء۔ 2 اگست (یو این آئی) اسرائیل نے یمن سے اپنی سرزمین کی طرف داغے گئے ایک میزائل کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فوج نے جمعہ کی شام یمن سے اسرائیلی سرزمین کی طرف داغے گئے ایک میزائل کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنا دیا۔ اسرائیل کی قومی ایمرجنسی سروس میگن ڈیوڈ ایڈوم نے ایک بیان میں کہا کہ کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ڈی ایف نے میزائل داغے جانے کے فوراً بعد الرٹ جاری کیا اور تقریباً پانچ منٹ بعد مغربی یروشلم سمیت وسطی اور جنوبی اسرائیل کے علاقوں میں فضائی دفاعی سائرن بجنے لگے ، جس سے لوگ پناہ گاہوں کی طرف بھاگے ۔ میزائل حملے کے بعد تل ابیب کے قریب بین گوریون انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو لینڈنگ اور ٹیک آف کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ یمن کے حوثی گروپ نے بعد میں المسیرہ ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ اس نے بین گوریون بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بناتے ہوئے ایک ہائپرسونک بیلسٹک’ حملہ کیا تھا اور حملے نے ‘اپنا مقصد حاصل کر لیا۔