lمغرب کی حمایت سے نہتے فلسطینی عوام کا خون بہا نے کا الزام
lیوکرین پر مگرمچھ کے آنسو بہا نے والے غزہ پر خاموش کیوں؟
استنبول: ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ اسرائیل مغرب کی حمایت سے نہتے فلسطینی عوام کا خون بہا رہا ہے اسے اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ انقرہ دنیا کے سامنے اسرائیل کو جنگی مجرم قرار دینے کی تیاری کر رہا ہے۔ہفتے کی سہ پہر استنبول کے اتاترک ہوائی اڈے کے سامنے فلسطین ریالی سے خطاب کرتے ہوئے اردغان نے کہا کہ مغرب کی گناہوں کی کتاب ایک بار پھر اپنی حدوں سے تجاوز کر گئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ اسرائیل مغرب کی حمایت کے بغیر ایسے مظالم کا ارتکاب نہیں کر سکتا۔ریالی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ترکی اور فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے جن میں سے کچھ نے سر پر پٹی باندھی ہوئی تھی جس پر لکھا تھا کہ ’ہم سب فلسطینی ہیں‘۔ ’نسل کشی ختم کرو، بچوں کو جینے دو‘ اور ’فلسطینیوں کی آواز بنو‘۔رجب طیب اردغان کا کہنا تھا کہ جو لوگ یوکرین پر مگرمچھ کے آنسو بہا رہے تھے وہ اب غزہ کے معاملے میں کیوں خاموش ہیں؟ اسرائیل کو غزہ میں شہریوں کے قتل کی کوئی پرواہ نہیں ہے اور وہ صاف اور واضح طور پر کہتے ہیں کہ ‘‘ہم قتل کرنا اچھی طرح جانتے ہیں’’ لیکن انہیں اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔