اسرائیل کو جواب دینے کی تیاری، ایران کا امریکہ کو بھی پیغام

   

تہران : ایران نے امریکہ کو متنبّہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک طرف ہوجائے کیونکہ وہ اسرائیل کو جواب دینے کی تیاری کر رہا ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق ایران نے ایک تحریری پیغام میں امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کے جال میں نہ پھنسے۔ ایرانی صدر کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف برائے سیاسی امور محمد جمشیدی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ امریکہ کو ایک طرف ہٹ جانا چاہیے تاکہ آپ کو نقصان نہ پہنچے۔ محمد جمشیدی کا کہنا ہے کہ جواب میں امریکہ نے ایران سے کہا کہ وہ امریکی اہداف کو نشانہ نہ بنائے۔ دوسری جانب ایرانی عہدیدار محمد جمشیدی کے بیان پر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے پیغام ملا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کو خبردار کردیا ہے دمشق حملہ کو امریکی اہلکاروں اور تنصیبات پر بطور حملہ کے بہانے استعمال نہ کرے۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکہ ہائی الرٹ ہے اور خطہ میں اسرائیل یا امریکی اہداف کے خلاف ایران کے اہم ردعمل کی تیاری کر رہا ہے۔ امریکی میڈیا نے شناخت ظاہر کیے بغیر دو امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عام شہریوں کے بجائے فوجی یا انٹیلی جنس اہداف پر اسرائیل کے اندر حملہ ہوسکتا ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی انٹیلی جنس نے بتایا ہے کہ ایران کروز میزائلوں اور شہید نامی ڈرونز کے غول کے ذریعہ حملہ کر سکتا ہے۔ عہدیداروں نے کہا ہے کہ ابھی تک اس کا وقت اور ہدف معلوم نہیں لیکن دمشق حملہ کا جواب کسی اسرائیلی سفارتی مشن پر حملہ ہوسکتا ہے اور یہ حملہ آج سے رمضان کے دوران کسی وقت ہوسکتا ہے۔ واضح رہے کہ رواں ہفتہ اسرائیل کے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر فضائی حملہ کے نتیجے میں 7 ایرانی فوجی افسر شہید ہوگئے تھے۔