جنوبی افریقہ کی درخواست پر عالمی عدالت انصاف کا 13-2 کی اکثریت سے فیصلہ
دی ہیگ: عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو رفح میں فوجی آپریشن روکنے کا حکم دے دیا۔ عالمی عدالت انصاف میں رفح میں اسرائیلی آپریشن رکوانے کے لیے جنوبی افریقہ کی درخواست پر فیصلہ سنایا گیا۔ عالمی عدالت نے فیصلہ 2-13 کی اکثریت سے سنایا، درخواست پر فیصلہ عالمی عدالت انصاف کے جسٹس نواف سلام نے پڑھ کر سنایا۔فیصلے میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج کوغزہ کے علاقہ رفح میں فوجی کارروائیاں فوری طورپرروکنی ہوں گی،غزہ پٹی کے شہری انتہائی تشویشناک حالات سیدوچارہیں۔ عدالت نے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ اسرائیل فوری طور پر رفح کی بارڈر کراسنگ کو کھولے۔دی ہیگ میں واقع عالمی عدالت انصاف نے غزہ میں جنگ بندی پر عمل درآمد کیلئے جنوبی افریقی درخواست پر فیصلہ سنادیا۔ آئی سی جے کا 2-13 کی اکثریت پر مبنی فیصلہ جسٹس نواف سلام نے پڑھ کر سنایا، جس میں کہا گیا کہ اسرائل فوری طور پر رفح میں فوجی آپریشن روکے اور عدالتی حکم کی تکمیل کی رپورٹ ایک ماہ میں پیش کرے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ رفح میں اسرائیلی اقدامات سے فلسطینی عوام کو شدید خطرات لاحق ہیں، غزہ میں انسانی زندگی کے لئے درکار تمام تر انفراسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے۔صدر نواف سلام نے مزید کہا کہ اس کے بعد جب غزہ سے لاکھوں افراد پناہ لینے رفح پہنچے تو اسرائیل نے وہاں بھی ملٹری آپریشن شروع کردیا۔ اس وقت رفح میں انسانی صورتحال نہایت تکلیف دہ ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہیکہ اسرائیل اپنے اقدامات اور دلائل سے عدالت کو مطمئن نہیں کرسکا۔ اسرائیل نے گزشتہ فیصلے پر عمل درآمد کو بھی یقینی نہیں بنایا اور انسانی حقوق کی پاسداری سے متعلق ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے۔ جنوبی افریقہ نے بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسرائیل کو ’غزہ پٹی میں فوجی آپریشن بند کرنے‘ کا حکم دینے کیلئے ہنگامی اقدامات کی درخواست کر رکھی تھی۔ جنوبی افریقہ نے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کو فلسطینیوں کی نسل کشی قرار دیتے ہوئے استدعا کی تھی کہ اسرائیل اب رفح کو بھی غزہ کی طرح تباہ کردینا چاہتا ہے۔ اسے روکا جائے۔ عالمی عدالت انصاف نے جنوری میں اسی قسم کے ایک مقدمے میں اسرائیل کو کارروائیاں روکنے سمیت جنگ کی ہولناکیوں کو کم کرنے کیلئے کچھ اقدامات اْٹھانے کی ہدایات کی تھیں۔ تاہم غزہ کے بعد اسرائیل نے رفح میں ایک بڑے فوجی آپریشن کا عندیہ دیا جس پر امریکہ سمیت اس کے اتحادیوں نے بھی اس آپریشن میں بڑے پیمانے پر معصوم جانوں کے نقصان پر خبردار کیا تھا۔