تہران: ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے مشیر یحییٰ رحیم صفوی نے حماس کے حملوں پر فلسطینی جنگجوؤں کو مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ ‘ہم فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی تک فلسطینی جنگجوؤں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ایران میں حماس کے اسرائیل پر کئے گئے زمینی اور فضائی حملوں پر پارلیمنٹ کے ارکان نے اپنی نشستوں سے اٹھ کر ’اسرائیل مردہ باد ‘کے نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کئی عرصے امت مسلمہ کے اوپر مظالم ڈھاتا آرہا ہے، لیکن اقوام متحدہ معاملات کو حل کرنے کے بجائے لیت و لعل سے کام لے کر ہمیشہ اسرئیل کی پشت پناہی کرتی ہے۔ذبیح اللہ مجاہد نے اسرائیل کی جارحیت کے خلاف حماس کے آپریشن طوفان الاقصیٰ کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مسلم ممالک سے اپیل کی ہے کہ اسرئیلی جارحیت کے خلاف حماس کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کردار ادا کریں۔امارت اسلامیہ افغانستان کے ترجمان نے کہاکہ اسرائیلی دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے تمام مسلم ممالک کو ایک ہوکر مظلوم فلسطنیوں کی آواز بننا ہوگی، اسرائیل گزشتہ کئی عرصوں سے فلسطینی آبادیوں پر ظلم ڈھاتا آرہا ہے،اسرائیل کی جارحیت کے خلاف مسلم ممالک کو ایک ہوکر آواز اٹھانا ہوگی۔فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کو یہودی آبادکاروں اور اسرائیلی قابض فوجیوں کی دہشتگردی کے خلاف اپنا دفاع کرنے کا حق حاصل ہے۔اسرائیل کا مخالف لبنانی گروپ حزب اللہ نے بھی حماس کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘ہم فلسطینی مزاحمتی قیادت کے ساتھ براہ راست رابطے میں ہیں اور ان واقعات کو اسرائیل کے مسلسل قبضے کے خلاف فیصلہ کن ردعمل قرار دیتے ہیں۔