اسرائیل کیساتھ 5 کروڑ امریکی ڈالر مالیتی معاہدہ

   

ہندوستانی بحریہ کو ایم آر ایس اے ایم نظام سربراہی
یروشلم ۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سرکاری ملکیت اسرائیل کی ایرو اسپیس انڈسٹریز نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ اس نے ہندوستان کے ساتھ 5 کروڑ امریکی ڈالر مالیتی معاہدہ پر دستخط کئے ہیں جس میں ہندوستانی بحریہ کو ایم آر ایس اے ایم (وسط مسافتی سطح سے فضاء مںی وار کرنے والا میزائل) نظام سربراہ کیا جائے گا۔ مزگاؤں ڈاک میں بحری جہاز تعمیر کئے جائیں گے۔ معاہدہ کے مطابق جس پر جاریہ ہفتہ دستخط ہوئے۔ اسرائیلی کمپنی فضائی دفاعی نظام (اے ڈی ایس) کا تکمیلہ نظام فراہم کرے گی۔ اس سودے میں مختلف مابعد آرڈرس بھی شامل ہوں گے جو وسط مسافتی دیکھ بھال اور دیگر خدمات کے ضمنی نظام ہوں گے جو اسرائیلی کمپنی کی ترقی یافتہ ایم آر ایس اے ایم ۔ اے ڈی ایس سے تعلق رکھتے ہیں۔ کمپنی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کارگذار نائب صدر اور نظاموں کے جنرل منیجر بوزلیوی نے اس سودے کو ایک بڑا ’’کارنامہ‘‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ ترقیافتہ نظام قائم کرنے اور اسے ہمارے صارفین کی مختلف ضروریات کی تکمیل کیلئے فراہم کرنے کا ایک بڑا کارنامہ ہوگا۔ کمپنی کی حصہ داری اور ہندوستانی بحریہ کے ساتھ اس کے مستحکم تعلقات کی ہندوستانی شراکت داروں کی تمام سرگرمیوں سے عکاسی ہوتی ہے۔ صرف حال ہی میں ہم نے کامیابی کے ساتھ ایک کثیر جہتی نظام کی آزمائش ہندوستان میں کی ہے اور ترقی یافتہ نظریاتی مرکوز انتظامیہ کی صلاحیتیں فضائی دفاعی نظام میں ظاہر کی ہیں۔ ہمارے ہندوستانی شراکت دار اس مظاہرہ سے بیحد مطمئن ہیں۔ اسرائیل اور ہندوستان کے درمیان قربت کا آغاز سابق کانگریسی وزیراعظم پی وی نرسمہاراؤ اور سابق کانگریسی وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دور میں ہوا تھا۔ بعدازاں جب مرکز میں بی جے پی برسراقتدار آئی تو تعلقات میں تیزی سے استحکام پیدا ہوا ۔ ہند ۔ اسرائیل سفارتی تعلقات قائم ہوئے اور دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی عہدیداروں نے ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کیا اور کئی معاہدے طئے پائے۔