اسرائیل کیلئے امریکی حمایت کم ترین سطح پر آ گئی: سروے

   

واشنگٹن۔ 4 اکتوبر (ایجنسیز) ریاستہائے متحدہ امریکہ میں ایک نیا سروے ’’فلسطین اسرائیل تنازعہ‘‘ کے بارے میں رائے دہندگان کے رویوں میں واضح تبدیلی کو ظاہر کر رہا ہے۔ اس سروے کے مطابق اسرائیل کے لیے حمایت برسوں میں اپنی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔ غزہ میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران کے درمیان فلسطینیوں کے لیے ہمدردی میں اضافہ ہوا ہے۔نیو یارک ٹائمز اور یونیورسٹی آف سینا کے ذریعہ کرائے گئے اس سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ 34 فیصد جواب دہندگان نے اسرائیل کے ساتھ زیادہ ہمدردی کا اظہار کیا۔ دسمبر 2023 میں یہ شرح 47 فیصد تھی۔ اس کے برعکس 35 فیصد نے فلسطینیوں کے لیے زیادہ ہمدردی کا اظہار کیا۔ پچھلے سال کے سروے میں یہ صرف صرف 20 فیصد تھے۔ مزید 19 فیصد جواب دہندگان نے دونوں فریقوں کے ساتھ برابر ہمدردی کا اظہار کیا۔ 12 فیصد نے کہا کہ وہ نہیں جانتے یا انہوں نے جواب دینے سے انکار کر دیا۔