تہران ۔ 27 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایران نے دو افراد کو جن میں ایک برطانوی دوہری شہریت کی حامل خاتون بھی شامل ہے ،کو اسرائیل کیلئے جاسوسی کرنے کی پاداش میں دس سال کی سزائے قید سنائی ہے اور غیر قانونی طور پر خطیر رقم کے حصول کیلئے دو سال کی مزید سزا کا بھی اعلان کیا ۔ اطلاعات کے مطابق انوشیہ عاشوری نامی خاتون جو بیک وقت برطانیہ اور ایران کی شہری ہیں، کو اسرائیل کی موساد جاسوسی ایجنسی کو خفیہ معلومات فراہم کرنے پر دس سال کی سزائے قید سنائی گئی ہے ۔عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسمعیل نے یہ بات بتائی اور کہا کہ علی جوہری نامی ایرانی شہری کو بھی جاسوسی کے متعدد معاملات بشمول موساد کی خفیہ اطلاع فراہم کرنے پر دس سال کی سزائے قید سنائی گئی ہے ۔ دونوں مجرمین کو غیر قانونی طور پر رقومات حاصل کرنے کی پاداش میں فی کس دو سال کی زائد سزا کاٹنے کا بھی حکم دیا گیا ہے ۔
