یروشلم : اسرائیلی سکیورٹی فورسیز نے حالیہ ہفتوں میں مغربی کنارے بالخصوص جینن پر حملے تیز کردیے ہیں۔چہارشنبہ کے روز اسرائیلی فوج نے ایک اور فلسطینی کو ہلاک کردیا جبکہ مختلف مقامات سے بارہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ اسرائیلی آرمی نے بتایا کہ بدھ کے روز جینن میں پناہ گزینوں کے ایک کیمپ پر کارروائی کے دوران جب سکیورٹی اہلکاروں پر فلسطینی ”حملہ آوروں” کی جانب سے فائرنگ کی گئی اور دھماکہ خیز اشیاء استعمال کی گئیں تو اسرائیلی فورسز نے بھی ہتھیاروں کا استعمال کیا۔فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا کہ ہلا ک ہونے والے شخص کی شناخت احمد مسعد کے طور پر ہوئی ہے۔ ان کی عمر 18برس تھی اور وہ مقبوضہ مغربی کنارے کے برقین گاوں کے رہنے والے تھے۔ ہسپتال کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ان کے سر میں گولی لگی تھی۔اسرائیلی آرمی نے بتایا کہ مغربی کنارے میں رات بھر مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے اور 12افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ فلسطینی ذرائع نے تاہم 17 افراد کو گرفتار کیے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔