اسرائیل کی جانب سے فلسطین کو ایک ارب ڈالرس کے واجبات ادا

   

یروشلم ۔ اسرائیل نے فلسطینی اتھارٹی کو ایک ارب ڈالر کے روکے گئے واجبات ادا کر دیے ہیں۔میڈیا نے فلسطینی وزیر حسین الشیخ کے حوالے سے کہا ہے کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان روابط کی بحالی کے چند ہفتوں بعد یہ پیش رفت ہوئی ہے۔ فلسطین کے وزیر حسین الشیخ نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ اسرائیلی حکومت نے تمام مالی واجبات فلسطینی اتھارٹی کے اکاؤنٹ میں جمع کروا دئے ہیں اور یہ رقم اسرائیلی کرنسی میں 76 کروڑ 80 لاکھ شیکل ہوتی ہے۔ واجبات میں وہ رقم شامل ہے جو اسرائیل ٹیکسز اورکسٹمز ڈیوٹیوں کی مد میں فلسطینی اتھارٹی کے لئے جمع کرتا ہے۔واضح رہے کہ مئی میں فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے اسرائیل کے ساتھ یہ روابط منقطع کر دیے تھے۔ انھوں نے کہا تھا کہ یہ فیصلہ اسرائیل کی جانب سے معربی کنارے کے کچھ علاقوں پر قبضے کے منصوبے کے ردعمل میں کیا ہے۔ اسرائیل نے اگست میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ امن معاہدے کے بعد ان علاقوں پر قبضے کا منصوبہ ترک کر دیا تھا۔