تل ابیب: اسرائیل نے شام کی طرف سے گولان پرگولہ باری کے جواب میں دمشق کے جنوب مغربی دیہی علاقوں میں آٹھ میزائل لانچنگ سائٹس اور قنیطرہ کے قصبے حضر کے مشرق میں شامی فوج کے ایک فوجی ٹھکانے پر بمباری کی۔سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق یہ حملے گولان پہاڑیوں میں 3 میزائلوں کی وجہ سے ہونے والے دھماکوں کی آواز کے بعد کیے گئے۔ ان میں سے ایک میزائل حملہ لبنانی حزب اللہ کے ساتھ کام کرنے والے دھڑوں کی طرف سے کیا گیا تھا۔دوسری جانب قنیطرہ اور درعا گورنریوں میں شامی گولان کے قریب تعینات شامی فوج اور ملیشیا کے فوجی مقامات پر ہائی الرٹ کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ گولان میں منگل کے روز دھماکے ہوئے جو شام کی سرزمین سے داغے گئے میزائلوں کی وجہ سے تھے۔ اس کے چند گھنٹے بعد اسرائیلی فوج نے دمشق کے دیہی علاقہ مغربی قلمون میں الجراجیر گاؤں کے قریب لبنانی حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے ایک مقام کو نشانہ بنایا۔ یہ علاقہ شام اور لبنان کی سرحد کے قریب واقع ہے۔