طرابلس ۔ 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) شام میں صدر بشارالاسد کی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت دمشق اور جنوبی صوبہ درعا کی فضائی حدود میں اسرائیل کا میزائل حملہ پسپا کر دیا ہے جبکہ برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی ہے کہ اس حملے میں ایران نواز بارہ غیرملکی اور شامی جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔رصدگاہ کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے بتایا ہے کہ جمعرات کو علی الصباح اسرائیل کے فضائی حملے میں دمشق کے جنوب میں واقع علاقہ کسوہ میں سات غیرملکی جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔اس علاقے میں ایرانی اور ایران نواز غیرملکی جنگجو موجود تھے۔جنوبی صوبہ درعا کے علاقہ ازرع میں ایران کے حمایت یافتہ ایک شامی گروپ کے پانچ ارکان ہلاک ہوگئے ہیں۔شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے مقبوضہ گولان کے علاقے کی فضا سے دمشق کے دیہی علاقے کی جانب حملہ کیا تھا مگردشمن کے ہتھیاروں کو مار گرایا گیا۔شامی حکومت کے میڈیا نے بتایا ہے کہ اسرائیلی بمباری میں الکسوہ، مرج السلطان اور دمشق کے نزدیک بغداد پْل کے علاوہ جنوبی صوبہ درعا میں واقع علاوہ ازرع کو نشانہ بنایا گیا۔شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے دمشق اور اس کے نواحی دیہی علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی ہے۔اس نے مزید بتایا ہے کہ اسرائیلی بم باری میں الکسوہ اور دمشق کے اطراف صدر بشارالاسد کی وفادارفوج اور ایرانی ملیشیاؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے اور ان علاقوں میں اسدی فوج اور ایرانی ملیشیاؤں کی بیرکوں پر بڑی تعداد میں میزائل آکر گرے اور بعض بیرکوں میں آگ لگ گئی۔