واشنگٹن ۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے عراق میں واقع ہتھیاروں کے ایک گودام پر فضائی حملہ کردیا۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عراق میں واقع متعدد تربیتی کیمپوں میں پے درپے دھماکوں کے کئی واقعات رونما ہوئے ہیں جس کا سلسلہ گذشتہ ماہ سے جاری ہے۔ تربیتی کیمپوں کے علاوہ ہتھیاروں کے ڈپوز (گودام) کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے جو شہدالشابی نیم فوجی دستوں کے زیراستعمال ہے۔ یہ نیم فوجی دستے ایران حامی ملیشیا پر مشتمل ہے۔ اسرائیل نے پڑوسی ملک شام میں ایران کی کئی تنصیبات پر بمباری کی ہے۔ دریں اثناء مشرقی وسطیٰ کے ایک انٹلیجنس عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیل نے گذشتہ ماہ بغداد کے شمالی علاقہ میں واقع ایک بیس کو نشانہ بنایا تھا جبکہ دو امریکی عہدیداروں نے بتایا کہ اسرائیل نے حالیہ دنوں میں عراق پر متعدد حملے ؍ بمباری کئے ہیں۔
