اسرائیل کی غزہ ہاسپٹل پر بمباری، کئی ممالک کی مذمت

,

   

اسرائیل کا اسپتال پر حملہ کے باوجود ڈھٹائی کا مظاہرہ ، کوئی تفصیلات نہ ہونے کا عذر

استنبول / قاہرہ/ریاض/دوحہ : اسرائیل کی جانب سے غزہ میں اسپتال پر بمباری کیے جانے پر کئی ممالک نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق غزہ کے اسپتال پر اسرائیل کی جانب سے اچانک بم باری کیے جانے پر پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، مصر، کینیا، قطر اور دیگر ممالک نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے نہتے فلسطینوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت قرار دیا ہے۔ریاض حکومت نے اسپتال پر اسرائیلی حملے کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ کے اسپتال پر حملہ کرکے مکروہ فعل انجام دیا ہے۔ قبل ازیں سعودی کابینہ کے اجلاس میں فلسطین کے خلاف اسرائیلی حملے فوری طور پر روکنے اور غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔دوسری جانب مصر نے اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل کو اس طرح کی جارحیت سے روکنے کے لیے فوری اقدامات اور مداخلت کرے۔کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی حملے پر افسوس اور مذمت کا اظہار کرتے ہوئے اسے خوف ناک اور کسی بھی قیمت پر ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی جارحیت ناقابل معافی جرم ہے۔ترک صدر جب طیب اردغان نے غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی حملے کو بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل بنیادی انسانی اقدار سے مبرا ریاست ہے۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بیان میں کہا کہ ترکی غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے پوری انسانیت سے اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔اْدھر اطر نے بھی غزہ میں اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ قطر کی وزارت خارجہ نے کہا کہ پہلے سے محصور غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں، اسپتالوں کو نشانہ بنانے، اسکولوں اور آبادیوں پر بم باری اسرائیل نے بڑھا دی ہے، یہ سب ناقابل برداشت اور قابل مذمت ہے۔دریں اثنا ایران نے بھی اسرائیل کے غزہ میں اسپتال پر حملے کو گھناؤنا قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ اردن کی وزارت خارجہ نے بھی اپنے بیان میں غزہ کے اسپتال پر حملے کی مذمت کی ہے۔فلسطینی صدر محمود عباس نے غزہ میں اسپتال پر بم باری اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔دوسری جانب صہیونی ریاست کی فوج کے ترجمان نے انتہائی غیر انسانی اور ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپتال پر ہونے والی بم باری اور شہادتوں سے متعلق کہا ہے کہ ہمارے پاس ایسی کوئی تفصیلات نہیں ہیں، معلومات کی دستیابی کے بعد درست اعداد و شمار دیے جائیں گے۔واضح رہے کہ صہیونی ریاست اسرائیل نے غزہ کے اسپتال پر اچانک بم باری کرکے اسے ملبے کا ڈھیر بنا دیا، جس کے بعد اطراف میں آگ بھڑک اٹھی اور پہلے سے شہدا کی لاشوں اور زخمیوں سے بھرا ہوا اسپتال ایک بار پھر لاشوں کے ڈھیر کی صورت اختیار کر گیا۔