تل ابیب ۔ اسرائیل رواں ہفتہ ہندوستان سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی فضائی جنگی مشقیں کرے گا۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی فضائیہ کے سربراہ بھی مشقوں میں شریک ہوں گے۔ اسرائیل کی فضائیہ کے چیف امیر لازار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ ان مشقوں کا ہدف ایران نہیں ہے۔ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ایران اس وقت بھی اسرائیل کے لیے سب سے بڑا اسٹریٹیجک خطرہ ہے اور ان کی فوجی منصوبہ بندی میں بڑی حد تک توجہ کا مرکز ہے۔ اسرائیل ’بلیو فلیگ‘ نامی جنگی مشقیں 2013 سے ہر دو برس بعد نقب کے صحرا میں منعقد کر رہا ہے۔ خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ابتدائی طور پر کچھ مشقیں گزشتہ ہفتہ سے ہی شروع کر دی گئی تھیں۔