نیویارک : اسرائیل اور فلسطین میں جاری تشدد کے بارے میں امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے اسرائیل کی مطلق حمایت پر دفتر خارجہ کے اندر موجود حلقوں کی طرف سے سخت برہمی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔حکام نے ہفنگٹن پوسٹ ویب سائٹ کو بتایا کہ سکریٹریآف اسٹیٹ انٹونی بلنکن اور ان کے سینئر مشیر وزارت خارجہ کے اندر پائی جانے والی مایوسی کو نظر انداز کر رہے ہیں۔محکمہ کے کچھ عملے نے کہا کہ انہیں ایسا لگتا ہے جیسے بلنکن اور ان کی ٹیم کو اپنے ماہرین کے مشورے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے جبکہ وہ غزہ میں اسرائیل کے وسعت پذیر آپریشن کی حمایت پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں، جہاں فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کا نیٹ ورک قائم ہے۔ محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار نے کہا کہ محکمہ خارجہ کے اندر ہر سطح پر بغاوت پھیل رہی ہے۔بائیڈن اور بلنکن کا کہنا ہے کہ وہ حماس کو فیصلہ کن طور پر شکست دینے میں اسرائیل کی مدد کرنا چاہتے ہیں، لیکن وہ عام غزہ والوں کے درمیان مصائب یا وسیع تر علاقائی تنازع کو فراموش کررہے ہیں۔